اسلام آباد،16جولائی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالا جانا ایک اہم سنگ میل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں قومی ہوا بازی کے شعبہ میں آج ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے اور برطانیہ کی ایئرسیفٹی لسٹ سے پاکستان کا نام نکل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جب یہ احسن قدم سامنے آیا ہے اور آپ ایئرلائنز کو آپریٹنگ لائسنس کے حصول کےلئے درخواست دے سکیں گے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کا ہماری ایئر لائنز اور سول ایوی ایشن پراعتماد کا مظہر ہے کہ ہمارا نام ایئر سیفٹی کی پابندی لسٹ سے نکالا گیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس اقدام پر میں برطانیہ اور یورپی یونین کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،نادر ڈار ہماری سول ایوی ایشن کے سربراہ ہیں، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس مقصد کےلئے نیک نیتی اورخلوص کے ساتھ کام کرتے ہوئے رکاوٹوں کو دور کیا اور یہ سلسلہ جاری رہا اور آج ہمیں یہ اچھی خبرسننے کو ملی ہے، سابقہ سیکرٹریز نے بھی ایئرسٹینڈرڈ سیفٹی کے معیارات کو پورا کرنے کےلئے دن رات محنت کی اور پوری دنیا میں ہماری ایئرلائن کی صنعت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی ریگولیٹرز کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے تین سال کے عرصہ میں ہماری رہنمائی کی جس کی بدولت ہم نے تمام سٹینڈرز پورے کئے، پی ڈی ایم کی ایک سالہ حکومت اور وزیراعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت کے اس عرصہ میں وزارت سول ایوی ایشن کو دوبارہ وزارت دفاع میں شامل کردیا گیا۔
وزیر دفاع نے ملک وقوم اور پی آئی اے کو مبارکباد دی کہ جس طرح یہ خوشی کی خبرملی ہے یہ ہمارے لئے ایک یادگار دن ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سارے عرصہ میں بحالی کےلئے ایئرسیفٹی انسپکشنز مکمل کرائی گئیں اور یہ عمل جاری تھا اب جب ہمیں کلیئرنس مل گئی ہے، اب ہم زیادہ بہتر انداز میں تحقیقات کراسکتے ہیں،نئے جہاز آئیں گے اور پرائیویٹ سیکٹر موجودہ بیڑے کو اپ گریڈ کرے گا تو اس کا کاروبار بھی بڑھے گا، اس لمحہ پر ہمیں اس خوشی کومنانا چاہئے۔











