پاکستان کوسٹ گارڈز کے بیڑے میں 2 نئی بوٹس کی شمولیت کی تقریب

1

کراچی،07جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے کراچی پورٹ پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے بیڑے میں شامل دو نئی  بوٹس کی کمیشننگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

مہمان خصوصی کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجرجنرل جواد ریاض نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام، عالمی برادری کے ارکان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی قابل ذکر شخصیات نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ وارانہ مہارت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی واحد فورس ہے جو زمین اور سمندر دونوں پر بیک وقت کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، پاکستان کوسٹ گارڈز ایک انتہائی قابل تعریف اور اہم قوت ہے، جو اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن، اور اینٹی ٹرولنگ فشنگ سرگرمیوں کو روکنے میں اپنے موثر کردار کے لیے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے پی سی جی کے متاثر کن ریکارڈ پر روشنی ڈالی، خاص طور پر اسمگلنگ، منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے میں۔ انہوں نے کہا کہ RHIB کی دو نئی کشتیوں کی شمولیت سے فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔

محسن نقوی نے ضبط شدہ منشیات اور ممنوعہ اشیاء کو باقاعدگی سے تلف کرنے کے پی سی جی کے عمل کو بھی سراہا۔ رواں سال صرف گوادر، اُتھل اور کراچی میں ایسی بڑی مقدار میں اشیاء جلائی گئیں، جن میں 10,862 کلو گرام چرس، 80 کلو گرام کرسٹل میتھ، 1,758 کلو گرام ہیروئن، 117 کلو گرام آئس، 150 کلو گرام بھنگ، 2،888 شراب کی بوتلیں، اور 2402 ٹن بیئر شامل ہے ۔

ان تلف شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ قیمت تقریباً 329 ملین ڈالر ہے۔

 آگاہی مہم معاشرے کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کی لعنت نہ صرف ہماری قوم کے لیے بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ ہمیں اجتماعی طور پر اس کے خاتمے کو یقینی بنانا چاہیے۔