ملتان،10 جولائی(اے پی پی ): وفاقی وزیر و چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ جلال پور پیر والا اور شجاع آباد میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے ،ان علاقوں کی پسماندگی کو دور کر کے ثابت کریں گے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر دئیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلال پور پیر والا میں استقبالیہ جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس منصب پر وہ فائز ہیں وہ حلقے عوام کی وجہ سے نصیب ہوا۔یہاں کی محرومیوں کو ختم کرنا اولین ترجیح ہے۔رانا قاسم نون نے جلال پور انٹر چینج سے لنک روڈ کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے لوگوں کی سفری مشکلات میں کمی اور شہر سلطان تک رسائی میں آسانی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ جلال پور پیر والا میں لوگوں کا میعار تعلیم بلند کرنا ذمہ داری ہے ۔تعلیم کے فروغ کےلئے میری جدوجہد جاری رہے گی،یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی کے سب کیمپس کےلئے بھی کوشش جاری ہے جسے پورا کیا جائے گا۔تاکہ نوجوان اپنے علاقے میں رہ کر علم حاصل کر سکیں۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پل چناب اور جلال پور پیر والا بائی پاس کے بقیہ حصہ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے وفاقی وزیر کا عہدہ ملنے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے یہاں کے عوام پر اعتماد کیا اس لئے اب یہاں دونوں تحصیلوں میں ریکارڈ ترقی ہو گی۔
وفاقی وزیر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ جب سے وہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہیں تب سے کشمیر کے مسئلے کو دنیا بھر میں اجاگر کیا گیا ،جس سے بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے نقطہء نظر کو پذیرائی ملی۔کشمیر ہماری زندگی کا حصہ ہے اور حصہ رہے گا۔کشمیر کےمسئلے پر بڑھ چڑھ کر مزید آواز اٹھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ہماری افواج نے اپنے بدترین دشمن بھارت اور مودی کے تکبر کو شکست دی۔ہماری فوج نے منہ توڑ جواب دے کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔پوری دنیا آج ہماری سول اور ملٹری لیڈر شپ کی تعریف کر رہی ہے۔
جلسہ سے سیاسی و سماجی رہنماؤں رانا سہیل احمد نون،لال محمد جوئیہ،قرار مشتاق لانگ،فیض رسول بلوچ،سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن مشتاق بلوچ ،راو عبدالجبار ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں شجاع آباد سے جلال پور پیر والا روانگی کے دوران عوامی حلقوں اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے ریلی کی شکل اختیار کر لی۔جگہ جگہ استقبالیہ کیمپس ،اہل علاقہ اور کارکنوں کے والہانہ استقبال کے باعث انہوں نے چند کلو میٹرز کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے کیا۔
جلال پور پیر والا پہنچنے پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،اہل علاقہ و دیگر حلقوں کی جانب سے انہیں مبارک باد دی گئی۔