چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ کی ملاقات

12

اسلام آباد 25 جولائی ( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے ان کی رہائش گاہ پر  بروز جمعہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون، دفاعی اشتراک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کراچی اور ادیس ابابا کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور پاکستان و ایتھوپیا کے درمیان فضائی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات کو سراہا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی سطح پر کلائمیٹ چینج جیسے اہم مسائل  پر مل کر کام کر رہے ہیں اور بین الاقوامی فورمز پر بہترین تعاون قائم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اپنے ایتھوپیائی پارلیمانی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایتھوپیا کو پاکستانی چاول برآمد کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین اقسام کے چاول پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے معیشت، تجارت اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کی ایتھوپیا کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رواں سال نومبر میں پاکستان میں انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس منعقد ہو رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ ایتھوپیا کی پارلیمانی قیادت اس میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط کو فروغ دینے اور اقوام کو قریب لانے کے لیے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سفیر جمال بکر عبداللہ نے چیئرمین سینیٹ کی خیالات سے مکمل اتفاق کیا اور پاکستان کے ساتھ تجارتی و دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے ایتھوپیا کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے لیے بھی فضائی رابطوں کی توسیع زیر غور ہے۔ انہوں نے عالمی فورمز پر باہمی حمایت کی اہمیت اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مشترکہ تعاون پر بھی زور دیا۔