اسلام آباد، 01جولائی(اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا بارہواں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کےممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
سی ڈی اے بورڈ کے بارہویں اجلاس میں اسلام آباد میں سی ڈی اے کی حدود میں واقع شہری پراپرٹیز، اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری (ICT) کی حدود میں واقع دیہی پراپرٹیز، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور دیگر جائیدادوں پر عائد ٹرانسفر فیس، رجسٹری فیس، اسٹیمپ ڈیوٹی کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملہ پر قانون کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارشات تیار کی جائیں ۔
اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی سے سی ڈی اے کو ٹراسفر ہونے والے مینٹنس سٹاف کو سی ڈی اے میں ایڈجسٹ کرنے کیلئے اسٹبلیشمنٹ ڈویژن اور کابینہ ڈویژن سے قانون کے مطابق رہنمائی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں سی ڈی اے کے زیر انتظام ایف نائن پارک میں گندھارا ہئیرٹیج اینڈ کلچرل سینٹر کو جلد از جلد فعال اور آپریشنل بنانے کیلئے ایک جامع فزیبلٹی پلان کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس منصوبہ سے حاصل ہونے والی آمدنی اسلام آباد کے شہریوں کی فلاح و بہبود اور انکو بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی پر خرچ کی جائے گی۔