اسلام آباد، 18 جولائی (اے پی پی ):چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے وزیرِ اعظم آفس میں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک خصوصی ملاقات کی میزبانی کی۔
ملاقات میں پاکستان اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں، ان کے منیجر اور وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شامل کھلاڑیوں میں نور زمان، ناصر اقبال، محمد سہیل عدنان، نعمان خان، احمد ریان خلیل، مہنور علی، عاصم خان اور سحرش علی شامل تھے — تمام کھلاڑی پشاور سے تعلق رکھتے ہیں۔
چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر عاصم خان اور سحرش علی کی تعریف کی، جو اس وقت پاکستان کے نمبر 1 مرد اور خواتین اسکواش کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے مہنور علی اور سحرش علی کی بھی تعریف کی، جنہوں نے پاکستان کے لیے سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں کا حصول یقینی بنایا۔ مزید برآں، انہوں نے ناصر اقبال، محمد سہیل عدنان، نعمان خان اور احمد ریان خلیل کی گولڈ، سلور اور برونز میڈلز جیتنے پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہیں۔ملاقات کا اختتام پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش ٹیلنٹ کی مزید حوصلہ افزائی کے عزم کے ساتھ ہوا۔
ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان نے مین ایونٹ میں 2 گولڈ، 2 سلور، 1 برونز۔پلیٹ ایونٹ میں 2 گولڈ اورکل4 گولڈ، 2 سلور، 1 برونز میڈلز حاصل کئے۔











