لاہور، 5 جولائی(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں محکمہ داخلہ کے سینٹرل کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں جاری جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات اور مانیٹرنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چیف سیکرٹری کو صوبے میں سکیورٹی صورتحال، جلوسوں کی نقل و حرکت، اور مجموعی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے مختلف اضلاع کے کنٹرول رومز سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا اور جلوسوں کے ہیڈ اور ٹیل پوائنٹس کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ چیف سیکرٹری نے پاکپتن میں جاری عرس بابا فریدالدین گنج شکرؒ اور داتا دربار لاہور میں غسل تقریب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کے سائبر پٹرولنگ سیل کا معائنہ بھی کیا جہاں انہیں سوشل میڈیا پر جاری مانیٹرنگ سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق، سائبر پٹرولنگ سیل کی کارکردگی کے نتیجے میں اب تک 1500 سے زائد مشتبہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس رپورٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں 37 ہزار سے زائد مجالس اور 9800 سے زائد جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کیلئے آرمی کی 59 اور رینجرز کی 79 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے صوبے بھر کے کنٹرول رومز کو بھی مستعد رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق محرم الحرام کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، اور تمام مرکزی جلوسوں اور مجالس کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔