کمپنیز ایکٹ 2017 کی جدت کاری سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس ،ریگولیٹری اصلاحات پر تبادلہ خیال

9

اسلام آباد، 25 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت کمپنیز ایکٹ 2017 کی جدت کاری سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمپنیز ایکٹ 2017 میں ممکنہ اصلاحات، ریگولیٹری نظام کی بہتری، اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔ معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ اَن لسٹڈ کمپنیوں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروبار قانونی دائرہ کار میں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کی کمی، تاخیر اور حد سے زیادہ قوانین بزنس کے لیے سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ موجودہ ایکٹ میں کئی رکاوٹیں اور حدود موجود ہیں جو نئی کارپوریٹ شکلوں میں جدت کی راہ میں حائل ہیں۔

ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ اَن لسٹڈ کمپنیوں کی کارپوریٹ گورننس کو بہتر بنانے کے لیے کمپنیوں کے آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن اور بائی لاز کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سخت ضوابط کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنی کمپنیاں رجسٹر نہیں کراتے۔

بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے کمپنیز ایکٹ میں اصلاحات کے لیے جامع سفارشات پیش کی گئیں، جن پر آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں اسکاٹ جیکبز، بورڈ آف انویسٹمنٹ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس (OICC) کے نمائندگان نے شرکت کی۔