اسلام آباد،4 جولائی (اے پی پی ):پاکستان – کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے سال 2025 کے لیے پاکستان میں اپنے فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے تیسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر ملک کے 34 پسماندہ اضلاع میں 30,000 غذائی پیکجز تقسیم کرے گا، جس سے 2,10,000 سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
پروجیکٹ کی افتتاحی تقریبِ سعودی سفارت خانہ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں مملکتِ سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقمی نے شرکت کی۔
یہ اقدام اس منصوبے کے پہلے دو کامیاب مراحل کی تکمیل کے بعد کیا جا رہا ہے، جن کے دوران پانچ ماہ کے عرصے میں بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، اور آزاد جموں و کشمیر کے 61 اضلاع میں 60,000 فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔اس فوڈ پیكج میں تمام تر ضروری اشیاء خوردونوش شامل ہیں ۔ ایك فوڈ پیك 95 كلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 80 كلو فائن آٹا ،5كلو دال چنا ، 5لیٹر كوكنگ آئل اور 5كلو چینی شامل ہیں ۔ یہ پیکجز ایک خاندان کو پورے مہینے کے لیے کفایت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جوکہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی اور مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، اور دیگر مقامی شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا تدارک، غذائی صحت میں بہتری، اور قدرتی آفات سے متاثرہ و پسماندہ طبقات کی مدد کرنا ہے۔ تقسیم کے لئے مستحق خاندانوں کی نشاندہی مقامی حکام کے ساتھ مل کر کی جائے گی تاکہ امداد درست حقداروں تک پہنچ سکے۔
یہ پروجیکٹ مملکت سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے تحت پاکستان میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی زیر نگرانی ضرورت مند افراد میں شفاف طریقے سے مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔