گلوب پاکستان سمٹ 2025: ڈیجیٹل تجارت کے نئے دور کا آغاز

3

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے وزارت تجارت کے اشتراک سے گلوب پاکستان سمٹ 2025 کا افتتاح جمعرات کو یہاں کیا، جو ملک میں ڈیجیٹل تجارت اور علاقائی کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت، رانا احسان افضل خان نے سمٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تجارت صرف لین دین کے نئے طریقوں تک محدود نہیں بلکہ یہ عالمی تجارت کے اصول، فریقین کے کردار اور مسابقت کے تعین کو بھی نئے سانچے میں ڈھال رہی ہے۔

رانا احسان افضل نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن معاشی بحالی، برآمدات میں تنوع، اور علاقائی سفارتکاری کے فروغ کے لیے ایک مرکزی ستون کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلوب پاکستان سمٹ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان ایک بااعتماد، منسلک اور اختراعی ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس کے ساتھ حالیہ دستخط شدہ ای کامرس معاہدوں کو عملی شکل دینے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے، جن کی نگرانی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کر رہی ہے۔ انہوں نے وزارتوں کے درمیان ہم آہنگ پالیسی سازی، مؤثر اداروں کی تشکیل اور ایسا کاروباری ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جہاں اختراعات کو بیوروکریٹک رکاوٹوں کے بغیر ترقی کا موقع میسر آ سکے۔

رانا احسان افضل نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل معیشت کو پاکستان کی تجارتی سفارتکاری، صنعتی پالیسی اورعلاقائی حکمت عملی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات، موثر معاہدوں اور ڈیجیٹل انضمام کی طرف قدم اٹھایا جائے۔

گلوب پاکستان سمٹ کے دوران ہائبرڈ بی ٹو بی میچ میکنگ سیشنز، ای کامرس پلیٹ فارمز کی لائیو ڈیمونسٹریشنز، اور فن ٹیک، لاجسٹکس و ڈیجیٹل ٹریڈ فیسلیٹیشن پر تکنیکی نشستیں منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر پاکستان کی ڈیجیٹل تجارتی راہداریوں کی بنیاد انفراسٹرکچر کے بجائے کوڈ، کنیکٹیویٹی اور تعاون پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔