اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): حکومتِ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 2 کروڑ یورو کے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوئے ،جس کے تحت “بہتر طرزِ حکمرانی اور کاروباری ماحول” کے عنوان سے پروگرام شروع کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے دونوں فریقین کے مشترکہ عزم کی توثیق ہے۔معاہدے پر یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کیے۔ یہ منصوبہ یورپی یونین کے کثیرسالہ اشارتی پروگرام 2021-2027 کے تحت مالی معاونت حاصل کرے گا، جس کا مقصد پاکستان کے نجی شعبے، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) جن میں خواتین کی زیر قیادت یا خواتین کو فائدہ پہنچانے والے کاروبار شامل ہیں اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت ایس ایم ایز سے متعلق قانون سازی کو مضبوط کیا جائے گا، برآمدات پر مبنی صنعتوں کو گرین اکانومی کی طرف منتقل کرنے میں مدد دی جائے گی، سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا، اور نجی و سرکاری شعبے کے درمیان مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ پروگرام یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے اسٹریٹجی، جی ایس پی پلس وعدوں، اور یورپی یونین گرین ڈیل سے ہم آہنگ ہے،اور پائیدار سرمایہ کاری اور مضبوط سپلائی چینز کے فروغ کو یقینی بنائے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر کاظم نیاز نے یورپی یونین کے مسلسل تعاون اور شراکت داری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہایت بروقت ہے اور “اُڑان پاکستان” کے نجی شعبے کی ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے تاکہ پاکستان میں ذمہ دار سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کو ایک مضبوط، جامع، اور مسابقتی معیشت بنانے میں مدد دینے کے لیے یورپی یونین کے عزم کا مظہر ہے۔ ہم خواتین کی زیر قیادت کاروباروں، اور نجی و سرکاری شراکت داریوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کا مستقبل زیادہ پائیدار اور خوشحال ہو۔
یورپی یونین کا پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون موسمیاتی تبدیلی، بہتر طرزِ حکمرانی، انسانی حقوق، اور پائیدار اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے۔ یہ نیا اقدام ان مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے کی ایک اورعملی مثال ہے۔