یومِ آزادی 2025 کو’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے منانے کے لیے تیاریوں کا آغاز

3

اسلام آباد،08 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر یومِ آزادی 2025 کو بھرپور قومی جوش و جذبے اور نئے عزم کے ساتھ ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے منانے کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی ایس پی آر، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ، وزارت قومی ورثہ و ثقافت، وزارت تعلیم، وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران یوم آزادی کی تقریبات کو قومی وحدت، عوامی جذبے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ آزادی کا عنوان ’’معرکۂ حق‘‘ قوم کی جرات، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین ہے۔ پاکستان کی معاشی بحالی، دفاعی صلاحیت اور عالمی سطح پر اعتماد بحال ہونے کی جھلک اس سال کی تقریبات میں نمایاں ہو گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی ادارے اور جامعات ایک ہی تھیم کے تحت تقریبات منعقد کریں، جب کہ بیرونِ ملک بھی وزارتِ اوورسیز کے تعاون سے یکساں انداز میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی و صوبائی سطح پر سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور بجٹ کی تیاری پر بھی بات چیت کی گئی۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یہ دن صرف جشن نہیں بلکہ قومی احیا کا لمحہ ہے، جس میں پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور عالمی سطح پر فعال کردار کا پیغام دے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم متحد ہے اور ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ سول و عسکری ادارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دنیا کو یہی پیغام دیں گے کہ پاکستان ایک مضبوط اور متحد ریاست ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑنے بتایا کہ خصوصی ملی نغمے، پروگرامز اورایک دستاویزی فلم تیار کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کی ترقی اور عالمی سطح پر پذیرائی کو نمایاں کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مباحثے، مضامین نویسی، مصوری کے مقابلے اور دیگر تقریبات کے ذریعے طلبہ دن کو یادگار بنائیں گے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تقریبات میں معاشرے کے تمام طبقات کی بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے تاکہ یوم آزادی ہر پاکستانی کے دل کی آواز بنے۔ شہروں، دیہات، اسکولوں، سفارتخانوں اور ثقافتی فورمز پر تقریبات کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور پُرامن تشخص اجاگر کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یوم آزادی 2025 صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ ایک نئے دور کا اعلان ہو گا — ایک ایسا پاکستان جو خودمختار، پرعزم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔