کوئٹہ، 06 جولائی (اے پی پی): کوئٹہ میں یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے سی پی او آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اور حکام نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم مانیٹرنگ روم کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے جلوس کے روٹس، حساس مقامات اور داخلی راستوں کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں اور معمولی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ادارے باہمی ہم آہنگی سے فرائض انجام دے رہے ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے حکومت، فورسز اور عوام یکجا ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو جلوسوں، مجالس اور عوامی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔