سکھر،06جولائی(اے پی پی): دس محرم الحرام یوم عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس کہ موقع پر سکھر رینج پولیس کے فل پروف سیکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں،مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ سکھر سے برآمد ہو کر شہر کے دیگر علاقوں گلیوں سے ہوتا ہوا واپسی مرکزی امام بارگاہ پر پہنچے گا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ میں تمام سیکیورٹی انتظامات کو از خود مانیٹر کررہا ہوں،یوم عاشورہ کے موقع پر تین بڑے جلوس سکھر ،روہڑی اور پنو عاقل سے برآ مد ہوں گے انکے علاوہ یوم عاشورہ کے دن ضلع سکھر میں 43 چھوٹے بڑے جلوسوں سمیت 80 مجالس منعقد کی جائیں گی، پولیس افسران، جوان، لیڈی پولیس اہلکار، انٹیلیجنس اسٹاف، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر متعلقہ یونٹس 10 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر مستعدی سے مامور ہیں جبکہ رینجرز اور فوج کی تین کمپنیز اسٹینڈ بائی ہونگی۔
مرکزی جلوس کو آغاز سے لے کر اختتام تک بنائے گئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور ہم جلوسوں کے روٹس،مجالس کے مقامات اور اہم پوائنٹس پر موجود رہ کر افسران و جوانوں کو بریفنگ دے رہے ہیں اور جلوس و مجالس کے منتظمین کے ساتھ رابطہ میں ہیں،محرم الحرام کے جلوسوں میں شریک عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔