اسلام آباد، 7 اگست 2025 (اے پی پی(:انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) نے وزارتِ خارجہ پاکستان اور آسیان کمیٹی اسلام آباد (اے سی آئی) کے اشتراک سے 58ویں یومِ آسیان کے موقع پر ایک گول میز مذاکرے کا انعقاد کیا۔ اس مذاکرے کا عنوان تھا: “پاکستان اور آسیان: امن، ترقی اور علاقائی خوشحالی کے شراکت دار”۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا و پیسیفک) سفیر عمران احمد صدیقی تھے۔
اسلام آباد میں تعینات آسیان ممالک کے سفراء و ہائی کمشنرز اور آسیان دارالحکومتوں میں پاکستان کے سربراہانِ مشن نے اس اہم مذاکرے میں شرکت کی۔آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل، سفیر سہیل محمود نے استقبالی کلمات میں آسیان کے سفر اور پاکستان-آسیان تعلقات کی پیش رفت پر روشنی ڈالی اور ان تعلقات کو مکمل مکالماتی شراکت داری (فل ڈائیلاگ پارٹنر شپ) میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاو کم ہورن نے ویڈیو پیغام کے ذریعے شرکت کی، جس میں انہوں نے پاکستان اور آسیان کے تعلقات میں پیش رفت کو سراہا اور باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی۔سفیر عمران احمد صدیقی نے بھی پاکستان-آسیان تعلقات کو مکمل مکالماتی شراکت داری کی سطح پر لے جانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے کے مشترکہ مقاصد اور امنگوں کو تقویت ملے۔مقررین نے اقتصادی تعلقات میں قابلِ ذکر پیش رفت کا ذکر کیا، جس میں 23 فیصد تجارتی اضافہ شامل ہے۔ سی پیک اور خصوصی اقتصادی زونز کو آسیان کے ساتھ علاقائی رابطے اور تجارتی انضمام بڑھانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا گیا۔











