اسلام آباد، 30 اگست ( اے پی پی): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں تفریحی اور سیاحت سے متعلق مختلف اقدامات و منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے متعدد تفریحی و سیاحتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن میں سی ڈی اے کی نرسری کو گارڈنیا حب بنانا، تھیم پارک، اسلام آباد میں فوڈ سٹریٹ، سفاری پارک، فیری ویلز، ڈانسنگ فاؤنٹین، شہر کے کرکٹ گراؤنڈ و فٹبال گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن اور پبلک پارکس کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کے کام شامل ہیں۔ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد نہ صرف اسلام آباد بلکہ پورے ملک اور دیگر ممالک سے آنے والے شہریوں اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ دارالحکومت اسلام آباد کو سیاحت کے حوالے سے ایک حب اور مثالی شہر بنایا جاسکے۔
اجلاس میں شہر میں ہارٹیکلچر، لینڈ اسکیپنگ اور گرین ایریاز کو مزید وسعت دینے کیلئے سی ڈی اے نرسری کو گارڈینا حب میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ اپنی تکمیلی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور اس منصوبے سے نہ صرف شہر میں گرین ایریاز کو مزید فروغ ملے گا بلکہ شہریوں کو معیاری تفریحی مقام سمیت پودے اور پھول بھی مل سکیں گے اور اسلام آباد کو ماحول دوست گرین شہر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ منصوبے سی ڈی اے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ بنیادی شہری سہولیات و ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد اسلام آباد کو ایک بین الاقوامی سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے، جو کہ نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرے بلکہ مقامی کاروبار کو فروغ دے۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سیاحتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں اور اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنایا جا سکے ۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کے ویژن کے مطابق سی ڈی اے اسلام آباد کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے انتہائی پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام منصوبے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے بلکہ شہر کو ایک بہترین تفریحی و سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کرائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین ، ماحول دوست اور جدید ترین دارالحکومت بنائیں۔