ایران/عراق ، شام کے مقدس مقامات کی زیارات کروانے کے مجاز زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن

3

اسلام آباد، 29 اگست (اے پی پی):  ایران/عراق ، شام کے مقدس مقامات کی زیارات کروانے کے مجاز زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مجاز ’’زیارت گروپ آرگنائزرز ‘‘ کو سرٹیفکیٹ جاری کر دیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ ZGOS کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ زیارت کی مجاز کمپنیاں زائرین کے سفر، رہائش، خوراک اور دیگرسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں، موجودہ حکومت نے زیارت پالیسی  کو نافذ کرنے کا عمل  شروع کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ سالار سسٹم جلد مکمل طور پر ختم کر دیاجائے گا، ایران، عراق ، شام کے زائرین صرف رجسٹر ڈ ZGOs کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔ نئے نظام کے ذریعے زائرین کو بہتر سہولیات، شفاف طریقہ کار،اور محفوظ سفر مہیا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو اب تک رجسٹریشن کے لیے  1,413 درخواستیں موصول ہوئیں ہیں، اب تک 585 کمپنیوں کو سیکورٹی کلیئرنس ملی ہے،پہلے مرحلے میں 24 کمپنیاں مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے پر رجسٹریشن کے لیے اہل قرار پائی ہیں۔ باقی کمپنیوں کو مطلوبہ دستاویزات  مکمل کرنے پر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری  کیا جائے گا۔