اسلام آباد، 5 اگست ( اے پی پی): عالمی تجارت، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی کے نمایاں ادارے اے ڈی پورٹس گروپ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں باضابطہ طور پر اپنا پہلا نمائندہ دفتر قائم کر دیا ہے۔ یہ اقدام گروپ کی بین الاقوامی وسعت کے سفر میں اہم سنگ میل اور جنوبی و وسطی ایشیاء میں تجارت اور لاجسٹکس کو فروغ دینے لئے اس کی طویل المدتی وابستگی کی علامت ہے۔
اسلام آباد آفس کا افتتاح اے ڈی پورٹس گروپ کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی اعلیٰ اثر انگیز سرمایہ کاریوں کے سلسلے کی کڑی ہے ۔ یہ سرمایہ کاریاں گروپ کی اُس اسٹریٹجک حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں جس کا مقصد پاکستان کو ایک علاقائی تجارتی اور لاجسٹکس مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او اے ڈی پورٹس گروپ کیپٹن محمد جمعہ ال شمیسی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارے دفتر کا افتتاح ہماری عالمی توسیع کی حکمت عملی میں سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ ہماری گہری اور دیرپا وابستگی کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ اقدام سرکاری اداروں اور اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مزید قریبی تعاون کو ممکن بنائے گا اور اے ڈی پورٹس گروپ کو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ایک کلیدی شراکت دار کے طور پر نمایاں مقام دے گا۔