تیانجن،31اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد ، احترام اور پرخلوص محبت کی بنیاد پر قائم ہے،چین کے ساتھ مضبوط دوستی پر فخر ہے،پاکستان اور چین نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، غربت کے خاتمے اور مشترکہ خوشحالی کا صدر شی جن پنگ کا ویژن ہمارے لیے مشعل راہ ہے، بدعنوانی اورغربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں تیانجن یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد ،احترام اور پرخلوص محبت کی بنیاد پر قائم ہے ہماری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی تبدیلیاں بھی آتی رہی ہیں لیکن ہماری دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوئی ہے ، ہماری منزل ایک ہے ،پاک چین دوستی اور تعلقات اتنے ہی دیرینہ ہیں جتنی کہ شاہراہِ ریشم ہے، پاکستان اور چین تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں،یہ ہمارا واضح ویژن ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ ہمیشہ قائم رہے گی،شاہراہ قراقرم دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا عظیم منصوبہ ہے،پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا، 60 سال قبل بیجنگ جانے والی پہلی بین الاقوامی پرواز کراچی سے روانہ ہوئی،وزیراعظم نے کہا کہ عظیم شاعر مشرق علامہ محمد اقبال چینی قوم کی قابلیت اور صلاحیتوں کو جانتے تھے ، شاعر مشرق نے ایک صدی قبل چین کی ترقی کی پیش گوئی کی تھی، ہمیں چین کے ساتھ اپنی مضبوط دوستی پر فخر ہے، چین کے ویژنری لیڈر صدر شی جن پنگ کے مشترکہ خوشحالی کے ویژن نے دنیا کو اپنا گرویدہ کر لیا ہے،پاکستان صدر شی جن پنگ کے ویژن اور فلسفے کی مکمل حمایت کرتا ہے،عوام کی فلاح و بہبود چین کی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ مشترکہ خوشحالی ،ترقی کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں یہی میری پاکستان میں پالیسی ہے،چین اگر آج دنیا کی بڑی معاشی اور فوجی قوت ہے تو یہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی طریقے سے ممکن ہوا ہے،صنعتی، زرعی، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لئے پاکستان چین کی پیروی کر رہا ہے ۔پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔ پاک چین دوستی کی مشعل اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ، آئیں مل کر ترقی اور خوشحالی کے دور کا ایک نیا باب رقم کریں۔قبل ازیں وزیراعظم نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن پاک کی آیات کی تلاوت سے کیا۔