حکومت قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کی بھرپور معاونت کے لیے پرعزم ہے، جام کمال خان

12

اسلام آباد، 7 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کو فروغ دینے اور غیر روایتی برآمدات میں اضافے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔  آل پاکستان اسمال جیمز جیولرز اینڈ ٹریننگ ایسوسی ایشن (APSGTA) کے وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے حکومت کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی پالیسی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ قیمتی پتھروں اور زیورات کا شعبہ پاکستان کی برآمداتی تنوع حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل قاری محمد اشرف نے کی، جنہوں نے ایس۔آر۔او 760 کی بحالی اور ایس۔آر۔او 924 سے استثنیٰ کی درخواست کی۔

جام کمال خان نے APSGTA کی مثبت کاوشوں کو سراہا اور متوازن اصلاحات، کاروباری آسانیوں اور چھوٹے برآمد کنندگان و ہنرمندوں کو بہتر رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔

عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی موجودگی بڑھانے کے لیے وزیر تجارت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فرانس، بنگلہ دیش اور ایتھوپیا میں ہونے والے آئندہ بین الاقوامی تجارتی فورمز میں اس شعبے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیر نے اس شعبے کی برآمدات میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تمام ممکنہ حکومتی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔