فیصل آباد، 9اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت بزنس کیمونٹی کے تعاون سے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرے گی۔
یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتمادکی بحالی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی اب گریڈیشن کیلئے ڈیڑھ مہینے کی ڈیڈ لائن بھی دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں 436 بغیر پھاٹک کے ریلوے کراسنگ ہیں۔ حکومت نے 150 کراسنگ پر پھاٹک لگانے کیلئے 9۔ارب روپے مختص کیے ہیں اور یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم بزنس کیمونٹی کی پارٹنر شپ سے ریلوے کو ملک کا منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں اوراس سلسلے میں پائیدار تجاویز درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد فیصل آبادملک کی معیشت چلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ میں فیصل آباد چیمبر کے تمام مطالبات کو منظور کرلیا گیا ہے۔
پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر براداری فیصل آباد کی حد تک ریلوے کی بحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیارہے۔
اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد سے شاہدرہ اور فیصل آباد سے خانیوال تک سنگل ٹریک ہے۔ اس کو ڈبل ٹریک کر کے گاڑیوں کی تاخیر کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد سے کراچی کیلئے بلا ناغہ ٹرین چلانے کا مطالبہ کیا
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چند روز قبل لاہور سے کراچی کیلئے عالمی معیار کی بزنس ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔مقامی بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے اس معیار کی ٹرین فیصل آباد سے بھی چلائی جائے۔











