اسلام آباد، 30 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے عوام کی سہولت اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے-ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ریلوے حکام کی جانب سے آپریشنل امور اور حالیہ سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی-
اجلاس میں موجودہ سیلابی صورتحال میں 24 گھنٹے ٹرینوں اور ٹریکس کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی-
اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی- وزیر ریلوے نے ٹرینوں کی وقت کی پابندی اور صفائی کے معیار کی سخت نگرانی کرنے سمیت ریلوے سروسز کو مزید معیاری اور عوام دوست بنانے کی ہدایات کی-اس کے علاوہ اجلاس میں اسٹیشنز پر صفائی، انتظار گاہوں اور بنیادی سہولیات پر بھی بریفنگ دی گئی۔