کراچی، 25 اگست ( اے پی پی): سعودی ایئر لائن فلائی ادیل نے پاکستان کے لئے اپنی باقاعدہ پروازوں میں اضافہ کرتے ہوئے پشاور اور اسلام آباد کے لئے بھی پروازیں شروع کردیں۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور میں آج افتتاحی پرواز کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر مین انٹرنیشنل ڈپارچر لاؤنج میں کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA)، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF) اور مینزیس آر اے ایس کے حکام نے شرکت کی۔ فلائی اڈیل اب ہر ہفتے پیر اور بدھ کو ریاض سے پشاور کے لئے دو پروازیں چلائے گی۔
اس کے علاوہ اتوار کو ریاض – اسلام آباد – ریاض کے درمیان ہفتہ وار پرواز چلائے گی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے فلائی اڈیل کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشاور اور اسلام آباد کے لئے ان پروازوں سے فضائی روابط مزید مضبوط ہوں گے، مسافروں کو سہولت ملے گی اور پاکستان و سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔











