سلامتی کونسل میں پاکستان کا ہیٹی  میں حکمرانی اور سلامتی کے بحران کے حل کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

27

نیویارک، 29 اگست (اے پی پی): ہیٹی میں انسانی بحران کے انتہائی سنگین سطح تک پہنچنے پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ فیصلہ کن اقدامات کرے تاکہ وہاں کی صورتحال مکمل انہدام سے بچائی جا سکے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہیٹی کی صورتحال پر قومی بیان دیتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ، سفیر عاصم افتخار احمد نے اس ملک کے حالات کو “حکمرانی کے انہدام (Governance Collapse)، بے قابو گینگ تشدد اور بڑے پیمانے پر انسانی ہنگامی صورتحال کے ملاپ” سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اب مزید ہیٹی کے عوام کی تکالیف سے نظریں نہیں چرا سکتی جہاں افراتفری کا راج ہے اور بچے اس بحران کا سب سے بڑا شکار ہیں۔

سفیر نے خبردار کیا کہ خاموشی اور بے حسی لاکھوں ہیٹی شہریوں کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دے گی اور دنیا کو یہ پیغام دے گی کہ سلامتی کونسل اپنے چارٹر کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔