سکھر،19اگست(اے پی پی): سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے صوبہ سندھ میں حالیہ اور آئندہ متوقع بارشوں و سیلابی صورتحال کے حوالے سے عوام کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے کہ سندھ حکومت اور تمام بلدیاتی ادارے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ریسکیو اور ریلیف کے لیے تمام محکمے متحرک ہیں تاہم بارشوں کی شدت یا کلاوڈ برسٹ کے خدشے کی کوئی بھی ادارہ یا شخص سو فیصد درست پیش گوئی نہیں کر سکتا کہ کتنی تباہی یا کس سطح کی بارش ہوگی اسی لیے حکومتِ سندھ پہلے سے ہی عوام کو احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کے ساتھ ہے، کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تمام ادارے مکمل الرٹ ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں،بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث گلگت بلتستان، بونیر اور خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کی۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سندھ کے عوام اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن ڈبل ون ڈبل ٹو (1122) پر رابطہ کریں۔
اس موقع پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، بچوں کو بالکل بھی گھروں سے باہر نہ جانے دیں،بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور ان کے قریب نہ جائیں،بزرگوں اور مریضوں کی ادویات پہلے سے گھروں میں محفوظ کر کے رکھیں،پٹرول، جنریٹرز اور گاڑیوں میں فیول بھروا کر رکھیں تاکہ کسی ایمرجنسی میں مشکلات پیش نہ آئیں،نشیبی علاقوں اور دریاوں کے ساتھ رہائش پذیر افراد خاص طور پر محتاط رہیں اور اگر نقل مکانی کی ضرورت ہو تو متعلقہ اداروں کی ہدایات پر فوری عمل کریں۔











