اسلام آباد،21 (اے پی پی ): پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن نے “ایک بیٹی ایک شجر” کے عنوان سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ یہ مہم پی ایچ اے ایف آفیسرز ریزیڈنشیا، کری روڈ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں منسٹری آف کلائمیٹ چینج کی جانب سے عطیہ کیے گئے پودے لگائے گئے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ اور وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی شزرا منصب علی خان نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدترین موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے۔ حالیہ بارشیں، سیلاب اور قدرتی آفات اس حقیقت کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے شجر کاری ناگزیر ہے، اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت لگانے سے زیادہ ان کی حفاظت اہم ہے، درختوں کا کٹ جانا سنگین جرم ہے جس پر سخت سزا ہونی چاہیے۔
وزیر مملکت شزرا منصب علی خان نے کہا کہ شجر کاری اب قومی فریضہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے پروگرام کے تحت بیٹیوں اور خواتین کو اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے کیونکہ خواتین موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ صرف باتوں تک محدود نہ رہیں بلکہ اس اہم مسئلے پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ کلائمیٹ جسٹس کے لیے ہر ممکن آواز بلند کر رہے ہیں۔











