شہدائےپولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے سکھر میں مشعل بردار ریلی کا انعقاد

22

سکھر،04اگست(اے پی پی):پولیس کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ملکی سلامتی اور امن کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سکھر پولیس کی جانب سے مشعل بردار ریلی 15 انچارج آغا شاہنواز کی قیادت میں نکالی گئی۔ریلی کا آغاز سکھر جم خانہ سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔

 اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند جوانوں کے ساتھ لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی اور شہداءکی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ہاتھوں میں مشعلیں اور شمعیں تھامے مارچ کیا۔

مشعل بردار مارچ کے اختتام پر شہداءکے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں نے شمعیں روشن کر کے اپنے پیاروں کو یاد کیا۔