شہر کی داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام جاری ہے، کمشنر ملتان

10

ملتان، 20 اگست (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ شہر کی داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام جاری ہے، مقصد شہریوں کو بہترین سہولیات اور ملتان میں داخل ہوتے ہی خوشگوار احساس فراہم کرنا ہے۔

کمشنر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ قادرپورراں تا چوک کمہاراں اور شیر شاہ انٹرچینج تا گیلانی فلائی اوور کی سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے، جس پر 50 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اسی طرح کلمہ چوک روڈ کی توسیع کے لیے 20 ملین کی لاگت سے ایک اضافی لین شامل کی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ اولڈ شجاع آباد روڈ پر اسٹریٹ لائٹس، چونگی 9 اور سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل سگنلز نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ گیلانی فلائی اوور تا توکل ٹاؤن اور توکل ٹاؤن تا ناگ شاہ تک نئی لائٹس لگائی جائیں گی۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ داخلی راستوں پر درخت و پھول دار پودے لگائے جائیں، دیواروں پر فن پارے اور تھری ڈی آرٹ ورک تخلیق کیا جائے اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے حسن کے لیے دکاندار ایک جیسے سائن بورڈ اور پیومنٹس بنائیں۔

مزید برآں، ناگ شاہ تا شیر شاہ انٹرچینج 3 کلومیٹر سڑک پر 270 درخت لگائے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خانیوال روڈ تا سہو چوک 12 مقامات پر سبز آئلینڈز بنائے جائیں گے۔

اجلاس میں ایم ڈی اے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ 16 نومبر تک ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کر کے سڑکوں کی تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے گا۔