صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کا کوٹ مومن اور متاثرہ بستیوں کا دورہ، متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی نگرانی

13

لاہور/سرگودھا (29 اگست) دریائے چناب میں آنے والے سیلاب کے باعث متاثرہ بستیوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اس دوران دو بچوں سمیت پانچ افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ خود کوٹ مومن پہنچے اور ریسکیو بوٹ پر بیٹھ کر قریبی متاثرہ بستیوں میں گئے، جہاں انہوں نے ذاتی طور پر پانچ افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا، آر پی او سرگودھا، ڈپٹی کمشنر، محکمہ انہار، سی اینڈ ڈبلیو اور ریسکیو کے افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ کمشنر سرگودھا نے تالہنوالہ پل پر دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ کے حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کی فیلڈ فارمیشن پوری طرح متحرک ہے اور گزشتہ تین دنوں سے انتظامیہ ریلیف آپریشن میں مصروف ہے۔ کوٹ مومن کے متاثرہ پوائنٹس سے اب تک 4500 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کا بہاؤ کنٹرول میں ہے اور بتدریج کم ہو رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں تمام وزراء اور انتظامی افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرین کی مدد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی۔