غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کی قراردادکثرت رائے سے منظور

12

اسلام آباد، 06 اگست (اے پی پی): قومی اسمبلی نے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی۔

اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی رکن شازیہ مری نے ایوان میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پیش کی۔ قرار دار کے متن میں کہا گیا کہ ایوان اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بربریت اور اشتعال انگیز اعلانات کی شدید مذمت کرتا ہے،غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

متن میں کہا گیا کہ ایوان عالمی برادری سے تمام فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ قرارداد میں بتایا گیا کہ ایوان انصاف اور حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے اور غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق ایوان اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بربریت اور اشتعال انگیز اعلانات کی شدید مذمت کرتا ہے،غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان عالمی برادری سے تمام فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے اور انصاف اور حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتاہے۔قرارداد میں غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے بھی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی۔قرارداد کے متن کے مطابق ایوان سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔قراردار میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد سوشل میڈیا کے درست استعمال کیلئے قوانین بنائے، ڈیجیٹل حقوق، قواعد اور اخلاقیات کی آگاہی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

موٹر وہیکل انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل 2025 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، بل وفاقی وزیر رانا تنویر نے پیش کیا جسے کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس 2025 پیش کیا۔