اسلام آباد ،13 اگست ( اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے “معرکۂ حق” کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں “معرکۂ حق” کی تقریبات منائی جا رہی ہیں، اور اس عظیم موقع پر وہ پاکستان کی بہادر افواج کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی افواج کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے 6 جنگی طیارے مار گرائے اور ہمیشہ کی طرح اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت نے میدان جنگ میں دشمن کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا۔
چوہدری انوارالحق نے “معرکۂ حق” کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان انشاءاللّہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا اور الحاقِ پاکستان کی منزل حاصل کی جائے گی۔











