ملتان؛نہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان

12

ملتان، 20 اگست (اے پی پی): چیئرمین ملتان بورڈ و کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے نہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر نتائج کو آن لائن اپ لوڈ کیا۔

امتحانی نتائج کے مطابق اس سال کل 1 لاکھ 44 ہزار 582 طلباء و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی،جن میں سے 52.11 فیصد امیدوار کامیاب قرار پائے۔

کمشنر نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ تمام طلبہ مزید محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تاکہ مستقبل میں بہتر نتائج سامنے آ سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے دوران 458 امتحانی مراکز قائم کیے گئے جہاں طلباء کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئیں اور تمام مراکز کی کڑی نگرانی بھی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے، طلباء و طالبات تعلیم کے ذریعے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم قریشی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔