ملتان05 اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح یوم استحصال کشمیر کے موقع پر شہر اولیاءکی فضاءبھرپور نعروں سے گونج اٹھی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں کے حق میں سیمینار اور آگاہی ریلی نکالی گئی اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سیمینار اور آگاہی ریلی کی قیادت کی۔رضا ہال سے چوک کچہری تک شاندار ریلی میں سول سوسائٹی اور تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر حکومت پنجاب کی ہدایت پر ٹھیک 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ سائرن بجا کر قومی ترانے کی دھن پر کشمیری بھائیوں کو بھرپور یکجتی کا پیغام دیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف سمیت ضلعی حکام ریلی میں شریک ہوئے،ریلی میں پی ایچ اے،کارپوریشن،ضلع کونسل،واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے اہلکار بھی شریک ہوئے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوح تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ پانچ اگست 2019 سے بھارتی مظالم میں اضافے کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ اور ہمت قابل تحسین ہے-مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظاہرین پر عالمی برادری کی بے حسی قابل مذمت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں پرآزادی کا سورج طلوع جلد ہوگا۔برصغیر میں مستقل امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔بعد ازاں ضلعی محکموں کی جانب سے کشمیری بھائیوں کے حق میں بھرپور ریلیاں بھی نکالی گئیں۔