وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیالکوٹ اور وزیر آباد میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

20

لاہور، 29 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سیالکوٹ اور وزیر آباد کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سوہدرہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے درمیان بیٹھ کر مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کیا، دکھی ماں کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور 22 سالہ جاں بحق نوجوان چاند کے والد کو بھی حوصلہ دیا۔ انہوں نے بچوں کی جان بچانے والے نوجوانوں کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ فرشی دسترخوان پر بیٹھ کر خود کھانا پیش کیا اور بچوں و خواتین کو اصرار کے ساتھ کھانا کھلایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ڈور ٹو ڈور سروے کرنے اور مویشیوں کے لیے فوری طور پر خشک چارے کی فراہمی کی ہدایت کی۔ جاں بحق نوجوان کے بیمار والد کے علاج کے لیے ڈپٹی کمشنر کو اقدامات کی ہدایت بھی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میڈیکل کیمپ اور لائیو اسٹاک اسٹالز کا معائنہ کیا اور دستیاب ادویات اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ 66 موضع مکمل اور 120 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں، 61 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جزوی متاثرہ علاقوں سے 1 لاکھ 29 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ 25 ہزار سے زائد مویشی بھی محفوظ مقامات پر پہنچا دیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں 13 موبائل ہیلتھ کلینکس دن رات متاثرین کو سہولت فراہم کر رہے ہیں جبکہ 10 ہزار افراد کو روزانہ صبح، دوپہر اور شام کھانا دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ پاک فوج کی معاونت سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھنسے ہوئے 50 افراد کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلابی پانی کے انخلا کے لیے 30 ڈی واٹر پمپ دن رات کام کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امن و امان کے لیے پولیس اور چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔