وزیرِ اعظم  شہباز شریف سے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر کی ملاقات

30

‎اسلام آباد، 19 اگست ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسیسکو اریزو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔

دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئےشعبہ صحت کی ٹیم، پولیو ورکرز اور تمام متعلقہ ادارے پر عزم ہیں جبکہ‎روٹری انٹرنیشنل کے شکرگزار ہیں کہ وہ اس موذی مرض کے پاکستان سے خاتمے کیلئے باقی بین الاقوامی اداروں کی طرح بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

‎ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی راہ میں چیلنجز ضرور ہیں مگر ہم اپنے عزم اور محنت سے پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ‎پولیو مہمات میں پولیو ورکرز کا کلیدی کردار قابل تحسین ہے-وفد نے روٹری انٹرنیشنل کے انسداد پولیو کیلئے حکومت کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

‎وفد نے بتایا کہ روٹری انٹرنیشنل نے گزشتہ برس 500 ملین ڈالر انسداد پولیو کی مد میں پاکستان میں خرچ کئے اور رواں برس بھی اس مقصد کیلئے خطیر رقم خرچ کرنے کا خواہاں ہے۔

‎وفد نے وزیرِ اعظم کی انسداد پولیو کیلئے ٹیم کے انتخاب اور ٹیم کی جانب سے اقدامات کی بھی تعریف کی ہے۔