اسلام آباد، 5اگست(اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے سیانا گروپ USA کے چیئرمین محمد اشرف قاضی اور نیشنل اسٹیل کمپلیکس لمیٹڈ کے چیئرمین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی، باہمی کاروباری تعاون، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، اور آئرن اوور کی برآمدات کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں آئرن اور اسٹیل کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اسٹیل انڈسٹری کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “اسٹیل سیکٹر میں سرمایہ کاری پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے” اور مزید کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔