اسلام آباد،10اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو یہاں بلوچستان کے طالب علم اکرام اللہ کاکڑ سے ملاقات کی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اکرام اللہ کاکڑ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر تھا، 2022ء میں دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ سے امدادی خیمے میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں اکرام اللہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا، آج یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ اکرام اللہ محنت سے اپنے اہداف کی طرف گامزن ہے
اس موقع پر اکرام اللہ نے کہا کہ پچھلی مرتبہ میں نے آپ سے پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا جو میں نے پورا کیا اور آپ سے ملاقات کیلئے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جب میں نے یہ خبر پڑھی کہ آپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا۔ جس پر اکرام اللہ نے وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا۔
طالب علم اکرام اللہ نے وزیر اعظم سے کہا کہ لوگ سیاست میں ہر کسی کیلئے کچھ نا کچھ کرتے ہیں لیکن آپ کا رویہ میرے ساتھ سیاست سے ہٹ کر تھا، آپ نے بہت ہی پسماندہ علاقے سے ایک بچہ لیا اور اس کو لارنس کالج میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے مجھے ملک کے بہت بڑے تعلیمی ادارے میں پڑھنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کالج میں ٹاپ تھری سٹوڈنٹس کو سکالر شپ ملتی ہے لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں ڈبل سکالر شپ حاصل کروں گا۔ میں پہلے بھی سکالر شپ پر پڑھ رہا تھا اور الحمد اللہ میں نے محنت کی اور مجھے یہ سکالر شپ ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کامیابی آپ کی مرہون منت ہے۔
اکرام اللہ نے کہا کہ میرے ملک کا مجھ پر بہت بڑا قرض ہے اور میں مزید محنت کروں گا اور اپنی استعداد سے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کروں گا۔ وزیر اعظم نے مستقبل کے حوالے سے سوال کیا تو اکرام اللہ نے کہا کہ میں سی ایس ایس کرنا چاہتا ہوں اور انٹرمیڈیٹ میں بھی محنت کر کے بیرون ملک سکالر شپ حاصل کرنے کی کوشش کروں گا کیونکہ مجھے بچپن سے ہی آکسفورڈ جانے کا شوق ہے۔ انشاء اللہ میں ملک و قوم کا نام سربلند کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کروں گا کیونکہ آپ بھی ملک و قوم کیلئے بہت محنت کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے طالب علم اکرام اللہ کو خصوصی تحفہ بھی پیش کیا اور کہا کہ یہ تحفہ مستقبل میں آپ کی پڑھائی اور عملی زندگی میں بھی کام آئے گا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والا طالب علم اکرام اللہ کاکڑ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے فراہم کردہ سکالر شپ پر لارنس کالج میں تعلیم حاصل کر رہا ہے اور اس نے میٹرک کے امتحان میں راولپنڈی بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جس پر وزیر اعظم نے ملاقات کیلئے اکرام اللہ کو مدعو کیا تھا۔











