اسلام آباد ، 29 اگست ( اے پی پی):وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر حافظ آباد کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔وزیرِ قانون کو ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز اور سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیرِ قانون نے اپنے حلقے کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ دیہاتوں میں لوگوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ مریم نواز اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔متاثرین کی بحالی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل نگرانی کی جا رہی ہے اور حکومت اپنا پورا کردار ادا کرے گی ، انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج متاثرہ افراد کی بحالی کے حوالے سے ہے ،ریلیف آپریشنز مزید تیز کرنے اور فوری امدادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے گی، حکومت متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ ہے، تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔