وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کا لاہور کی شاہراہوں کا دورہ، نکاسی آب کے فوری اقدامات کی ہدایت

2

لاہور، 30 اگست (اے پی پی): مسلسل بارش کے بعد وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے لاہور کی مختلف شاہراہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ “ہم عمومی حالات سے نہیں بلکہ ہنگامی حالات سے گزر رہے ہیں۔” لکشمی چوک پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے وزیر ہاؤسنگ کو بارش اور نکاسی آب کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ایم ڈی واسا کے مطابق، لاہور میں بارش کے دو اسپیلز کے دوران لکشمی چوک اور اپر مال پر 125 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وزیر ہاؤسنگ نے ایم ڈی واسا کو شہر کے اہم پوائنٹس سے فوری نکاسی آب کی ہدایت دی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بروقت اقدامات اور اداروں کی معاونت سے نقصان کم ہوا ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ شہروں میں بارشی پانی کی نکاسی اور اربن بلڈنگز کو محفوظ رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نکاسی آب کے لیے مقررہ مقامات پر واسا کے نمائندے موجود ہوں اور کسی بھی مقام پر نااہلی یا غفلت برتنے پر افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔