وفاقی وزراء کی ڈی چوک اسلام آباد تک یومِ استحصال کشمیرریلی کی قیادت

6

اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجنئیر امیر مقام اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے دفتر خارجہ سے ڈی چوک اسلام آباد تک یومِ استحصال کشمیر ریلی میں شرکت اور ریلی کی قیادت کی۔

ریلی میں دفتر خارجہ کے سینئر حکام مختلف طبقہ فکر کے افراد، خواتین اور سکولوں کے طلباء و طالبات نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں کے غیر متزلزل استقامت اور قربانی کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے زیر قبضہ غیر قانونی جموں و کشمیر(  IIOJK) میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، سیاسی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنائیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد  کرائیں۔

وفاقی وزیر انجنئیر امیر مقام نے کہا کہ بھارتی فورسز کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور املاک کے مسمار کرنے کی کھلی چھوٹ ہے، جبکہ ہزاروں کشمیری رہنما اور کارکن کئی برسوں سے جیلوں میں قید ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ہر موقع پر ان شاء اللہ اپنے کشمیری بھائیوں کی نہ صرف آواز بلند کرتا رہے گا بلکہ دنیا کے ہر کونے میں ان کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔

آزاد کشمیر، مقبوضہ جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی اج یوم استحصال منا رہے ہیں۔