اسلام آباد،20اگست (اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرسید پور ماڈل ویلج میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اب تک 200 غیر قانونی تعمیرات مسمار۔نیشنل پارک کی 191 کنال اراضی قابضین سے واگزار کروا لی گئی۔کئی کئی سال سے کرایہ ادا نہ کرنے والوں سے عمارتیں خالی کرا لی گئیں۔خالی کرائی گئی عمارتوں کو شفاف انداز میں نیلام کیا جائے گا۔ 360 کنال اراضی پر 2005 کے بعد بنائی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سید پور ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے سید پور ویلج کے اپ گریڈیشن و بیوٹیفیکیشن کے کاموں پر پیش رفت کا معائنہ کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن پر سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ہر طرح کی غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ ترجیح ہے۔کراچی اور لاہور کے معروف ریسٹورنٹس کو سید پور ویلج میں لایا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سید پور ویلج کی بحالی سے اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو نیا تفریحی مقام میسر آئے گا،سید پور ویلج کو عالمی معیار کا تفریحی مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر داخلہ نے سی ڈی اے اور ڈی ایم اے حکام کو ویلج کے اطراف صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سید پور ویلج مستقبل کا نیا کمرشل مرکز بنے گا، سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سید پور ویلج منصوبے کے تحت ہونے والے کاموں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیٹلائٹ امیجری سے 2005 کے بعد بنائی گئی تعمیرات کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔سید پور ماڈل ویلج کے گرین کور ایریا کو بجال کیا جا رہا ہے۔
ممبران سی ڈی اے، اے ڈی سی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔