وفاقی وزیر احسن اقبال کی چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ملاقات

8

بیجنگ،2 اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی، جس میں چین۔پاکستان اقتصادی راہداری فیز ٹو کے تحت صنعتی تعاون اور بزنس ٹو بزنس روابط پر خاص طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے چین کی قیادت کے لیے  خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ سن ویڈونگ کے پاکستان میں دورِ سفارت کاری کے دوران ہم نے سی پیک کا سفر کاغذ سے اربوں ڈالر کے عملی منصوبے تک پہنچایا۔

وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران چین نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کی قیادت اور عوام کے ساتھ اپنی لازوال دوستی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک۔چین دوستی بدلتے ہوئے حالات اور ہر دور میں نئی توانائی کے ساتھ مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ چین کا ترقیاتی ماڈل پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے، اور ہم چین کے تجربات سے سیکھ کر برآمدات اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُڑان پاکستان کا “فائیو ایز” فریم ورک سی پیک فیز ٹو کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اُڑان پاکستان کا مرکزی مقصد عوام دوست اصلاحات کے ذریعے معاشی، سماجی اور معاشرتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ سی پیک فیز ٹو میں صنعتی و تکنیکی شعبے کلیدی حیثیت کے حامل ہوں گے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ چین کی قیادت عالمی امن کے قیام میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترجیح ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بزنس ٹو بزنس تعاون سے سی پیک کا دائرہ مزید وسیع ہوگا۔

چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کہا کہ چین مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان کا فائیو ایز فریم ورک معاشی استحکام اور خود انحصاری کی راہ ہموار کرتا ہے۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں قائدانہ اور کلیدی کردار پر چین میں احسن اقبال کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔