وفاقی وزیر اطلاعات  سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر  کی ملاقات

17

‎اسلام آباد ، 16 اگست ( اے پی پی):  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطحی دوروں اور ثقافتی تعاون نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔

‎عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا کے شعبے میں تعاون کو دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل میڈیا میں اشتراک سے نہ صرف عوامی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ خطے میں مثبت بیانیے کو فروغ بھی ملے گا۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کا تاریخی بندھن ہمیشہ قائم رہے گا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں جاری مثبت پیشرفت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔