شانگلہ، 25 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران، انجینئر امیر مقام نے شانگلہ کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تباہ حال علاقوں میں پیدل چل کر ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نےخوڑ بانڈہ، گمبت، چاگام، اور پیتاو بیلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ وہ گھنٹوں پیدل سفر کرکے ان علاقوں تک پہنچے۔ انہوں نے ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی جنہوں نے اس قدرتی آفت میں اپنے پیارے کھوئے اور متعدد گھروں میں جا کر فاتحہ خوانی بھی کی۔ سیلاب میں زخمی ہونے والے بچے سے بھی ملاقات اور عیادت کی-
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے گمبت میں الفلاح میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپ کی میڈیکل ٹیم اور متاثرین سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے پر الفلاح میڈیکل کیمپ اور مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کی تعریف کی۔بعد ازاں، وفاقی وزیر نے متاثرہ علاقوں کو شانگلہ سے ملانے والی سڑک اور بجلی بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انجینئر امیر مقام نے امدادی کاموں میں مصروف ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی کاوشیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انجینئر امیر مقام نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مقامی رہائشیوں کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دے گی اور ضروری وسائل ان تک پہنچائے گی۔











