وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقے تالی داس سپل وے کا دورہ

6

گلگت ، بلتستان (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ضلع غذر کے شدید متاثرہ علاقے تالی داس سپل وے کا دورہ کیا، جہاں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے باعث کئی گھر تباہ ہو گئے اور پورا گاؤں ملبے تلے دب گیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر کو مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سڑک بہہ جانے اور دیگر انفراسٹرکچر کی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ وزیراعظم شہباز شریف کی ٹاپ پرائرٹی پر ہے، اور وفاقی حکومت متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔

انجینئرامیر مقام نے نقصانات کا جائزہ لیا اور فوری طور پر سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، اور بحالی کا عمل جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ متاثرہ علاقوں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔