وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو غذر ہیڈکوارٹر گاہکوچ میں حالیہ سیلابی صورتحال اور جاری ہنگامی امدادی و بحالی کاموں پر تفصیلی بریفنگ

5

غذر، گلگت بلتستان  28 اگست) اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام کو غذر میں حالیہ سیلابی صورتحال اور جاری ہنگامی امدادی و بحالی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی گلگت بلتستان ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو غذر کے مختلف علاقوں میں آنے والے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات، متاثرہ آبادی، بند سڑکوں اور امدادی سامان اور جھیل کے اسپل ویز کے بارے میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے این ایچ اے اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں کے کنکشن بحال کرنے کی ہدایت کی۔

انجینئر امیر مقام نے تباہی کی شدت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مقامی انتظامیہ اور عوام کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت فوری امداد اور طویل مدتی بحالی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر نے بریفنگ کے دوران کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل وقت میں غذر گلگت بلتستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔