اسلام آباد،29اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نامور انجینئرز کی شاندار خدمات ملک کی ترقی و خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی کامیابیاں قومی سطح پر انجینئرنگ کے شعبے کی عظمت کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈز نہ صرف ذاتی کامیابی کی علامت ہیں بلکہ قومی ترقی، لگن، جدت اور پیشہ ورانہ مہارت کا جشن بھی ہیں۔
پی ای سی انجینئرز ایکسیلینس ایوارڈز 2023 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل اپنی متحرک قیادت میں نئی نسل کے لیے ایک شاندار مثال قائم کر رہی ہے۔ تقریب میں آٹھ مختلف کیٹیگریز میں 30 ممتاز انجینئرز کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس پروقار تقریب میں غیر ملکی مندوبین، ارکانِ پارلیمنٹ، اعلیٰ سرکاری افسران، سینئر انجینئرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے قومی ترقی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور نوجوانوں کی شمولیت میں پی ای سی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اسمارٹ پی ای سی ڈرائیو، بلوچستان کے لیے خصوصی پروگرامز، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پی ای سی ڈیسک، گریجویٹ انجینئرز ٹریننگ پروگرام (GET)، جنریٹو اے آئی کورسز اور ینگ انجینئرز نیشنل فورم جیسے اقدامات کو سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے عالمی سطح پر پی ای سی کی کامیابیوں کا ذکر کیا، جن میں واشنگٹن اکورڈ کے تحت پاکستان کی رکنیت میں چھ سال کی توسیع اور چین کے ساتھ مچوئل ریکگنیشن ایگریمنٹ پر دستخط شامل ہیں۔
سعیدہ ، حبیب شاہ
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے بھی خطاب کیا اور ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ملک کے ان انجینئرز کی جدت اور قومی خدمت کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ای سی وفاقی حکومت کے لیے تھنک ٹینک کے طور پر تکنیکی رہنمائی فراہم کر رہا ہے اور ساتھ ہی ڈیجیٹل ڈرائیو، اے آئی لرننگ، پاتھ وے ٹو پریکٹس ڈیسک اور تعلیمی و صنعتی اصلاحات کے ذریعے انجینئرنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔