اسلام آباد، 5 اگست) اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پولی ایسٹر فلامنٹ یارن پر مبنی صنعت کے نمائندہ وفد نے وزارت تجارت میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گیٹرون انڈسٹریز کے چیئرمین شبیر دیوان اور پاکستان فلامنٹ یارن مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ساقب گڈ لک نے کی۔ وزارت تجارت سے ڈی جی ٹیکسٹائل مدثر رضا صدیقی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان میں پولی ایسٹر فلامنٹ یارن سے منسلک صنعت کو درپیش مسائل اور ملبوسات و ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کی برآمدات کو فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے پیداواری لاگت میں کمی، پائیداری کے فروغ اور مؤثر پالیسی اقدامات کے ذریعے صنعت کو استحکام دینے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی کا تسلسل، مسابقت کے منصفانہ مواقع، اور برآمدات کے فروغ کے لیے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے برآمدات بڑھانے کے مواقع کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی سہولت کاری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ یہ قومی برآمدات اور روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
وزیر نے وفد کی جانب سے طویل مدتی اور قابلِ پیشگوئی تجارتی پالیسیوں کے قیام کی تجاویز کو سراہا اور یقین دلایا کہ ویلیو ایڈیشن، مصنوعات میں تنوع، پیداواری صلاحیت کے مؤثر استعمال، سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی صنعت کے اپ اسٹریم و ڈاؤن اسٹریم شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے برآمدات کے تسلسل کو مزید تیز کیا جائے گا۔