وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج سے سفارتخانہ عراق کے ناظم الامور عبدالقادر سلیمان کی ملاقات

115

راولپنڈی۔20اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج  نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ بدھ کو  جاری بیان کے  مطابق  وفاقی وزیر محمد رضا حیات ہراج سے وزارت دفاعی پیداوارمیں سفارتخانہ عراق کے ناظم الامور عبدالقادر سلیمان الہیمیری نے ملاقات کی۔ انھوں نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا  وفاقی وزیر  نے اس موقع پر  کہا کہ پاکستان عراق کی خودمختاری، سیاسی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ وفاقی  وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں بڑی صلاحیت موجود ہے، دونوں ممالک دفاع سے متعلق تعاون کے باہمی فائدے والے شعبوں میں اشتراک کر سکتے ہیں۔  عراقی ناظم الامور  عبدالقادر سلیمان الہیمیری نے مزید کہا کہ عراقی حکومت اور اس کے عوام پاکستان اور اس کے عوام کا بہت احترام کرتے ہیں، عراق پاکستان کے ساتھ دفاعی پیداوار سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے لئے تیار ہے۔