وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا یومِ استحصال پر خصوصی پیغام

16

اسلام آباد، 05اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ استحصال پر خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارت کی سازشیں اور ظلم و ستم کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو شکست دینے میں ناکام ہو چکی ہیں۔آج کا کشمیری جانتا ہے کہ اُس کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔آنے والا وقت کشمیری عوام کے صبر، جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر بن کر طلوع ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 تاریخ کا سیاہ دن ہے جب مودی سرکار نے آئینِ ہند کے آرٹیکل 370 اور 35A- کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت یکطرفہ طور پر ختم کر دی۔مودی حکومت کے اس غیر آئینی اقدام نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت پر کھلا وار کیا۔نہ کشمیریوں نے بھارتی اقدام کو تسلیم کیا، نہ پاکستان نے، اور نہ ہی دنیا کی باشعور اقوام نے۔کشمیری عوام نے بھارت کے اس غیر قانونی فیصلے کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ حالیہ پاک- بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح پر کشمیری فخر سے سر بلند کر کے چل رہے ہیں۔کشمیری پاکستان کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کا مقدمہ عالمی سطح پر جرات اور ثابت قدمی سے لڑا ہے۔کشمیری اپنی پاکستانی شناخت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ یاسین ملک جیسے حریت پسند رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، مگر کشمیری قوم کا جذبہ غیر متزلزل ہے۔